Monday, November 2, 2015

دہی کے چونکا دینے والے فوائد ابھی پڑھیں

ہم میں سے کون ہے جو بیکٹیریا کے نام سے ہی خوفزدہ نہیں ہوتا اور اس سے بچاؤ کی تدبیر نہیں کرتا لیکن دہی ایسا Probiotice ہے جو صحت کے کئی مسائل حل کردیتا ہے۔ غیر صحت بخش غذائیں٬ کم پانی کا استعمال ہر وقت تشویش یا انتشار کی کیفیت میں رہنا یا کسی طویل بیماری کے بعد نظام ہاضمہ کا بُری طرح متاثر ہونا ایسی کیفیتیں اور رویے ہیں جن سے لوگ اکثر و بیشتر متاثر ہوتے ہیں لیکن ان مسائل پر توجہ نہیں دیتے-
 

جس وقت کسی بیماری کے علاج کے طور پر اینٹی بایوٹکس استعمال کرنا ناگزیر ہوجائے تو عموماً منہ خشک ہونے اور رنگت کے زرد پڑجانے کی شکایت میں مبتلا ہوجاتے ہیں اور پھلوں کے عرقیات یا سادہ پانی کا استعمال بڑھا دیتے ہیں۔ 

یہ محتاط رویہ ایسا غلط نہیں ہوتا تاہم اگر وہ اپنی غذا میں دہی کا استعمال شامل کرلیں تو چند دنوں میں حیرت انگیز تبدیلی محسوس کریں گے۔ بیشتر بیماریاں معدے کے افعال بگڑنے سے ہوتی ہیں۔ کم کھانا یا ضرورت سے زیادہ کھالینا دونوں روئیے معدے پر گرانی کا باعث بنتے ہیں۔

ہماری غذا خاص کر کھانوں میں دہی کا استعمال ہوتا ہے۔ مشرقی لوگ رائتے اور چٹنیوں میں دہی شامل کرتے ہیں یا میٹھے دہی سے کھانے کا اختتام کرتے ہیں۔ اس شکل میں یہ معدے میں اچھے اور بُرے بیکٹیریا کا ایک توازن قائم کرتا ہے۔
 

اگر ہم کئی روز تک کسی بھی شکل میں دہی نہیں کھاتے تو اس کا مطلب ہے کہ صحت خراب کرنے والے بیکٹیریا اپنے قدم جمالیں گے۔ اینٹی بایوٹکس کے مضر صحت اثرات اچھے بیکٹیریا کو مار دیتے ہیں‘ اسی وجہ سے چہرے اور پورے جسم کی ہئیت اور رنگت متاثر ہوتی ہے۔ 

مختلف تیزابی ردعمل معدے میں سرائیت کرجانے کی صورت میں نئی شکایات پیدا ہوتی ہیں جن میں قبض‘ اسہال یا دستوں کی بیماری یا قے کی صورت میں بدنظمی جیسے مسائل پیدا ہوسکتے ہیں۔

جسم کا مدافعتی نظام درست کرنے کیلئے دہی کا استعمال بڑھا دینا چاہیے۔ معدے میں تیزابیت کے خاتمے اور ٹھنڈک کے احساس کیلئے دہی نہایت اکسیر پروبایوٹکس ہے۔ ڈائریا کا خاتمہ کرتا ہے اور دودھ یا دیگر غذاؤں سے پیدا ہونے والی حساسیت کا خاتمہ کرتا ہے۔ عام طور پر اسہال کی صورت میں دہی کو بطور دوا استعمال کریں تو چونکانے والے نتائج سامنے آتے ہیں یہ توانائی کا مؤثر ترین ذریعہ ہے۔
 

جلدی امراض اور دہی کا استعمال
ماں بننے والی خواتین غذائی عادتوں کی تبدیلی کے باعث حساسیت کا شکار ہوسکتی ہیں۔ نوعمر بچے بدہضمی کا شکار ہوسکتے ہیں‘ اسی طرح مختلف گرم تاثیر والی یا مقوی غذاؤں کے استعمال کے بعد الرجی کی شکایت دہی کھانے سے دور ہوسکتی ہے۔ 

طبی ماہرین کہتے ہیں کہ بیرونی علاج کے طور پر ادویات کا استعمال جاری رکھنے میں کوئی قباحت نہیں لیکن اگر غذائی علاج میں محتاط رویہ اپنالیا جائے یعنی دہی کا استعمال جاری رکھا جائے تو تکلیف سے بہت جلد چھٹکارا مل سکتا ہے۔

بچوں میں جلدی خارش‘ چھوٹے چھوٹے دانے نکلنے اور Atopic Eczemaسے نجات کیلئے دہی کا استعمال بڑھا لینا چاہیے۔
 

دہی چہرہ نکھارنے کا وعدہ پورا کرتا ہے
نوجوان بچیوں کو کیل مہاسوں اور دانوں کے علاوہ چہرے کے دورنگی ہونے کی شکایت ہوسکتی ہے۔ ماہرین کے مطابق پچاس فیصد کیسز میں دہی نے ہارمونز کے نظام کو توازن دے کر چہرے کو ان مسائل سے نجات دلادی جس کیلئے ایکنی لوشنز وغیرہ استعمال کیے جاتے رہے تھے تاہم ڈائیٹیشنز کے مطابق دہی کا استعمال روزانہ کرنا بہتر نتائج دیتا ہے۔ 

دہی صاف اور تازہ استعمال کیا جائے تو بہتر ہے۔ کھٹی دہی میں غذائیت کی تاثیر تبدیل ہوجاتی ہے لیکن اگر اسے ماسک یا ابٹن کے طور پر استعمال کرنا چاہیں تو بہتر افادیت رکھتا ہے یا پھر شہد کے ساتھ معتدل کرلیا جائے تو موافق آتا ہے۔

گدھا تو گدھا ہوتا ہے

٭ مردہ گوشت بیچنے پر 8سال قید 5لاکھ جرمانہ ہوگا۔ خبر
اس کا مطلب ہے زندہ اور تازہ گوشت کرنے والوں کو 10سال قید اور10لاکھ جرمانہ ہوگا۔گدھا کھلانے والے قصاب تو اب دہائیاں دیں گے۔وہ تو اس بات کا اصرار کریں گے کہ اس بے ایمانی کے دور میں اتنی ایماندار ی دکھانے والوں کو ان بے ایمان قصابوں سے زیادہ سز ا ملنی چاہیے۔گدھا تو اب ڈی ویلیو ہو گیا ہے۔گدھے کی کھال کے بہانے ظالم کے بچوں نے پاکستانیوں کو گدھا تکہ،گدھا بریانی،گدھا قورمہ،گدھا سری پائے اور گدھا کباب کھلانے کی کوئی کسر باقی نہیں رکھی۔یہ تو بھلا ہو عائشہ ممتا ز جیسی نڈر فوڈ انسپکٹر ز کا جنہوں نے ہمیں حلال گوشت کھلانے کا بندوبست شروع کر دیا ہے ورنہ یقین کریں ہم پاکستانی تو گدھے کے گوشت کے شوقین ہو چلے تھے۔جنہوں نے میرے سمیت ہوٹلوں پر کھانا کھایا ہے وہ اب ایک مہینہ بلا ناغہ کدو کریلے کھائیں اور روز اینٹی باؤٹک ادویات استعمال کریں کہیں گدھا خدانخواستہ ہمیں بھی ’’گدھا‘‘ ہی نہ بنا دے۔

٭ عراق سے سبق ملا ، طاقت اور پیسے سے دوسرے ملک میں امن نہیں لا سکتے۔ اوبامہ
شکر ہے امریکہ نے بھی سچ تسلیم کر لیا ہے ورنہ ایسا سچ تسلیم کرنا شاید ناممکنات میں سے تھا۔اسامہ بن لادن کے چکر میں افغانستان تاحال جل رہا ہے۔عراق کو فتح کرنے کے چکر میں نہ صرف صدام کو فارغ کیا بلکہ پورے عراقیوں اور عراق کو تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا۔لیبیا میں کرنل قذافی کی خاطر پورے لیبیا کی واٹ لگا دی۔اس کو کہتے ہیں دنیا بھر کی تھانیداری یا پوری دنیا کی بڑی اجارہ داری۔کئی دفعہ گاؤں کا نمبردار بھی پورے گاؤں کو مار کر پچھتاتا ہے کہ اب نمبرداری کس پر کروں گا؟ طاقت کسی بھی مسئلے کا حل نہیں۔ہر مسئلے کا حل امن اور مذاکرات ہیں۔جو لوگ اور قومیں مذکرات کا رستہ چھوڑ دیتی ہیں وہ ناکام و نامراد رہتی ہیں۔

٭ برطانوی صحافی مظہر محمود پر فرد جرم عائید۔ خبر
کر کٹرمحمد عامر،محمد آصف اور سلمان بٹ کا دھڑن تختہ کرنے والا جھوٹا اور بلیک میلر نکلا۔حقیقت میں یہ بھی ایک بڑا ڈرامہ ہے کہ ’’تینوں مذکورہ‘‘ جب اپنے کھیلنے کا بہترین دور کھو چکے ہیں تب بلیک میلر صحافی پکڑا گیا ہے۔اب نہ تو مذکورہ کھلاڑیوں کی سزا واپس ہو سکتی ہے اور نہ دنیا بھر میں پاکستان کی ’’جگ ہنسائی‘‘ کا کوئی ازالہ ہو سکتاہے۔اس کو کہتے ہیں چور الٹا کوتوال کو ڈانٹے۔چور بھی کہے چور چور چوروں سے ہوشیار رہیئے۔ایک خاتون کو ہالی ووڈ کی بڑی ہیروئن بنانے کے چکر میں اس کو گولیاں دینے والا مظہر محمود خود ہی بڑا ’’ڈان‘‘ نکلا۔سٹہ بازی کیس میں اگرچہ کچھ نہ کچھ قصوروار سلمان بٹ اور محمد آصف تھے لیکن اس کی زیادہ سزا نو عمر محمد عامر کو اٹھانا پڑی۔

٭ بھارت نے رواں سال 400مرتبہ سیز فائر کو توڑا۔ اقوام متحدہ میں شکایت
ملک کا نام ہو ہندوستان اور پنگے بازی نہ کرے۔پنگہ بازی تو ہندوستان کے انگ انگ میں رچا بسا ہے۔ہندوستان تو وہ ملک ہے جہاں ان کی اپنی عوام ہندوستانیوں سے تنگ ہے۔ہندوستان میں رہنے والے مسلمانوں کی عزتیں تک غیرمحفوظ ہیں۔گزشتہ روزہندوؤں کو فقط اتنی خبر ملی کہ ایک مسلمان اخلاق حسین کے گھر گائے کا گوشت ہے۔بس یہ سننا تھا کہ تنگ نظر ہندوؤں نے اس کے گھر میں کر اسے شہید کر دیا اور اس کے بیٹے کو شدید زخمی کر دیا۔ اتنا بھی نہ سوچا کہ مسلمان گائے کا گوشت کھاتے ہیں یہ تو کم بخت ہندو ہیں جو گائے کھانا برا سمجھتے ہیں۔سکھ قوم ہندوستانیوں کے چنگل سے آزاد ہونا چاہتی ہے۔مقبوضہ کشمیر والے ہر روز پاکستانی پرچم لہرا کر ہندوستان کے منہ پر تھپڑ مارتے ہیں لیکن صاحب غیر ت تو غیرت والوں کی ہوتی ہے ہندوستان کی غیر ت ہی نہیں وہ بھلا کہاں شرم حیا کریں گے۔دعا کریں کہ مسلمان کشمیری ،ہندوستانی سکھ اور ہندوستان میں رہنے والے مسلمان ہندوستان کی چنگل سے نکل جائیں۔باقی جہاں تک ہمارے پاکستانی بارڈر کی بات ہے پاکستان ہندوستان کو جواب دینا خوب جانتا ہے۔پاکستان نے یہ اچھا کیا کہ اقوام متحدہ کو ہندوستان کی سرحدی خلاف ورزیوں کی ویڈیو اور کلپس کے شواہد دے دیئے ۔جس دن دو دو ہاتھ ہوگئے ہماری فوج اور ہماری قوم ہندوستان کو اس کی نانی یاد دلا دے گی۔انشاء اﷲ

٭ 4اکتوبر کو میگا کرپشن بے نقاب کرونگا۔ عمران خان
خان صاحب اگر ہو سکے تو کسی اچھے منصوبے کی نقاب کشائی ہی کر لیں۔آپ نے چند سالوں سے سیاسی بیان بازویوں کے سوا کچھ بھی نہیں کیا۔آپ کا دھرناا یک فلاپ شو تھا اورآپ کے ہر مطالبے پر الیکشن کمیشن اور عدالتوں نے شفافانہ تحقیقات کیں۔جو الیکشن ہو گئے اور جو ہونے ہیں سب میں آپ کو زمینی حقائق ماننا پڑیں گے۔خان صاحب یہ کرکٹ گراؤنڈ نہیں ہے۔یہ سیاسی میدان ہے اور سیاسی میدان میں ووٹ سے فیصلہ ہوتا ہے۔آپ جو مرضی بے نقاب کریں اس سے پہلے آپ کو عوامی خدمات کے پروجیکٹس کی نقاب کشائی کرنا ہو گی ورنہ ہر میدان میں آپ ہی مات کھائیں گے۔خالی باتوں سے کس کا پیٹ بھرتا ہے۔عوام کی عملاً خدمت کرنا ضروری ہے۔ عملی زندگی اور بیان بازی ولی زندگی میں بہت فرق ہے۔جعلساز جعلساز ہوتا ہے۔لومڑی جتنی بھی چالاک ہو ایک دن اسے منہ کی کھانی پڑتی ہے۔

٭ سانحہ منی پر ایرانی سیاست خبر
سانحہ منی شہادتوں کا ایک بڑا سانحہ ہے۔اس میں بہت گیارہ سے سو زائد حاجی شہید ہو گئے اور بہت سارے زخمی ہو چکے ہیں مزید یہ کہ ہسپتالوں میں زیرعلاج ہیں۔یہ ایک قدرتی حادثہ ہے۔جہاں بھی زیادہ لوگ اکھٹے ہو جاتے ہیں وہاں احتیاط کا دامن کسی کو نہیں چھوڑنا چاہئے۔اگرچہ اس حادثے پر سعودی حکومت نے تن من دھن سے تحقیقات شروع کر دی ہیں پھر بھی پوری دنیا کے مسلمانوں کو انہیں شک کی نگاہ سے ہر گز نہیں دیکھنا چاہیئے۔اس حادثے میں داعش یا کوئی اور ملوث ہے اس پر بھی تفتیش جاری ہے پھر بھی ایرانی حکومت کی طرف سے اس پر سیاسی بیانات مذہبی لوگوں کی طرف سے ناپسند کئے گئے ہیں۔سعودی عرب او ر سعودی حکومت کو سب احترام کرتے ہیں اور ساری دنیا جانتی ہے کہ ہر سال فریضہ حج پر سعودی عرب کی گرانقدر خدمات کے خلاف بیان دینا انتہائی شرمناک ہے۔

شرمیلی دلہن

کوئی پندرہ سال پہلے کی بات ہے . ہمارے خاندان میں ایک کزن بھائی کی شادی تھی . بڑے دھوم دھڑاکے سے اورنگ آباد سے بارات آئی تھی . شادی کی رسمیں پوری ہوئیں، نکاح کا خطبہ پڑھایا گیا ، قاضی صاحب نے دولہا بھائی سے نکاح قبول کروایا لیکن جب دلہن سے پوچھا گیا تو دلہن چپ .دوبارہ پوچھا گیا لیکن دلہن پھر چپ . قاضی صاحب نے دلہن کے رشتہ داروں سے معاملہ پوچھا . رشتہ دار جو خاصے پریشان ہو چکے تھے دلہن کو سمجھانے لگے . قاضی صاحب نے پھر ایک بار دلہن سے پوچھا ، لیکن پھر وہی چپ . اتنے میں ایک مولوی ٹائپ کے صاحب جنہوں نے دراصل یہ رشتہ کرایا تھا ، بولے کہ ہمارے خاندان کی لڑکیاں شرم و حیا کا پاس کرتی ہیں ، اس طرح بھری محفل میں کچھ نہیں کہیں گی . لڑکی خاموش ہے ، یعنی وہ راضی ہے ، تینوں بار لڑکی چپ رہی ، یعنی تینوں بار وہ راضی تھی . یوں بھی خاموشی میں رضامندی کی باتیں بڑے بزرگوں سے سنتے آٔئے ہیں . قاضی صاحب نے ایک اور شادی میں خطبہ پڑھنا تھا ، لہٰذا انہوں نے یہ حجت قبول کرلی ، اور یوں یہ شادی ہو گئی . بعد میں کیا ہوا یہ ایک الگ کہانی ہے ، لیکن یہ قصّہ مجھے یوں یاد آ گیا ، کہ ہمارے نئۓ نویلے وزیر اعظم بھی کچھ پوچھے جانے پر اسی طرح شرما کر چپ ہو جاتے ہیں . دادری میں انتہا پسندوں نے ایک معصوم کو قتل کر دیا ، لوگوں نے وزیر اعظم سے سوال کیا لیکن وہ شرما گئے . مہنگائی آسمان چھونے لگی ، لوگوں نے وزیر اعظم سے سوال کیا لیکن وہ پھر شرما گئے . سب سے زیادہ تو وزیر اعظم تب شرماتے ہیں جب ان سے لوگ الیکشن میں کیٔے گئے وعدوں کے بارے میں پوچھتے ہیں ، لیکن وہ ہر بار شرما جاتے ہیں . اب کوئی اتنا شرمأے تو کیا کرے گا قاضی . اسے دوسری شادیاں بھی تو کروانی ہیں . یہ شادی تو سمجھو اسی طرح چلے گی . . . جب تک چل سکے .